بڑی خبر: پاکستان نے واٹس ایپ کے طرز پر اپنی ایپ تیار کرلی

576

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان نے واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈیا اپیلی کیشن “اسمارٹ آفس” تیار کرلی اور نئی ایپ تجربات کے مراحل سے گزر رہی ہے.

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈیا اپیلی کیشن “اسمارٹ آفس” تیار کرلی ہے تاہم پہلے مرحلے میں سرکاری افسران وملازمین اسمارٹ آفس کی ایپ استعمال کریں گے اور جون تک “اسمارٹ آفس” کے نام سے ایپلی کیشن لانچ کردیں گے تاہم یہ آزمائشی بنیادوں پر ہوگی دوسری ایپلی کیشن کسی دوسرےنام سے عام پاکستانی صارفین کیلئے بھی لانچ کریں گے.

انہوں نے کہا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کو قانونی شکل دینے کیلئے وزارت قانون کو بھجوارہے ہیں، پرسنل پروٹیکشن بل میں پرائیویسی اورمعاشی تسلسل کو برقرار رکھنے کے نکات شامل ہیں اور بل کا واحد مقصد پاکستانی صارفین کا تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے.

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ڈیٹاپروٹیکشن بل کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت وتجاویز شامل ہیں، ڈیٹا پروٹیکشن کی پالیسی میں انفرادی صارف بنیادی عنصر ہے جبکہ بزنس کنزیومر ابھی شامل نہیں.

وفاقی وزیر امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا قواعد بھی لاگو کردیے گئے ہیں جس کے مطابق نئے قوانین کے تحت تمام عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں رابطہ آفس قائم کرنے کے پابند ہیں اور حکومت عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے جواب کی منتظر ہے.