ٹاؤن کمیٹی کھوسکی کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ، فاقہ کشی پر مجبور

283

 

 

کھوسکی ،شادی لارج(نمائندگان جسارت) ٹاؤن کمیٹی کھوسکی کے ملازمین ایک ماہ کی تنخواہ سے محروم۔ ایک ماہ میں بلدیہ کھوسکی کے چار ٹاؤن آفیسر، تین اسسٹنٹ کمشنر تبدیل، پندرہ دنوں سے اے سی ٹنڈو باگو کی تعیناتی بھی نہ ہوسکی، بلدیہ کھوسکی، بلدیہ ٹنڈو باگو کے تمام امور ٹھپ۔ ٹاؤن کمیٹی کھوسکی کے ملازمین ایک ماہ سے تنخواہ، پنشن سے محروم ہیں۔ بلدیہ کے دیگر بل بھی پاس نہ ہوسکے جس سے تمام امور ٹھپ ہوگئے۔ بلدیہ کھوسکی، بلدیہ ٹنڈو باگو کے ملازمین کے گھروں میں فاقے پڑگئے۔ ایک ماہ میں بلدیہ کھوسکی میں چار ٹاؤن آفیسر تبدیل ہوچکے ہیں، پندرہ دنوں سے اے سی ٹنڈو باگو جو بلدیہ کھوسکی کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں لیکن ان کی سیٹ خالی ہے۔ مذکورہ اے سی کی فوری تعیناتی نہ ہونے سے بلدیہ کھوسکی کے کام اور تمام امور ٹھپ ہوگئے ہیں، جس سے شہریوں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ کھوسکی شادی لارج کے شہریوں اور بلدیہ ملازمین نے ڈپٹی کمشنر بدین سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔