لاڑکانہ، روپوش و مطلوب 6 ملزمان گرفتار ، منشیات برآمد

326

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 6 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ انچارج مددگار بیس ون نے اشتہاری ملزم وحید کھوکھر اور منشیات فروش شیراز عباسی کو بھنگ کے تین پاچکوں سمیت، اللہ آباد پولیس نے اشتہاری ملزم عرفان بلیدی کو، ہٹڑی غلام شاہ پولیس نے اشتہاری ملزم عنایت برڑو کو، ولید پولیس نے روپوش ملزم غلام رسول کھکھرانی کو، تعلقہ پولیس نے کھکھرانی بائی پاس سے منشیات فروش پریل ٹگڑ 120 پاکٹ مضر صحت گٹکے سمیت گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کے جاری کردہ احکامات پر لاڑکانہ رینج کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قنبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھکوٹ پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران گشت جرائم کے ارادے سے کھڑے ملزمان سے مقابلوں اور چھاپا مار کارروائیوں میں 133 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ پولیس کارروائیوں کے دوران 133 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 40 اشتہاری، 90 روپوش اور 3 سرگرم ملزمان شامل ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے متعلقہ تھانوں پر مقدمات درج کرلیے گئے۔