دوبرس سے ٹوٹی ہوئی پانی کی پائپ لائن مرمت کی منتظر

189

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرکے بیشتر علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہونے کے باوجود شہر کے گنجان آباد علاقہ صدر پارکنگ پلازا کے قریب ٹوٹی ہوئی پا نی کی مین لائن کی مرمت دوسال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود التوا کا شکار ہے جس کے نتیجے میں جب اس مین لائن میں پانی چھوڑا جاتا ہے تو یہاں لائن کی لیکیج سے روزانہ بڑی مقدار میں پانی ضائع ہوکر مرکزی سڑک پر آجاتاہے ۔اہل علاقہ کی جانب سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حکام کو بار بار اس مسئلے کی طرف توجہ دلانے کے باوجود ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پائپ سے نکلنے والا پانی شہر کی مین سڑک کے سامنے سے گزر رہا ہوتا ہے مگر وہ حکام کو نظر ہی نہیں آرہا اور نہ ہی ذمے داران کیخلاف کسی قسم کی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکی ہے۔ ایک طرف کراچی کے شہری پانی کیلیے ترس رہے ہیں اور ان کے نلکوں میں پانی نہیں آ رہا ہے تو دوسری طرف ٹوٹی پانی کی لائن کی مرمت کیلیے اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔جبکہ دوسری سڑک پر قبضہ مافیا کے پتھاروں کے باعث پیدل چلنے تک کی جگہ ختم ہوچکی ہے۔ پانی کی ٹوٹی لائن اور سڑک پر کھڈوں کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔دوسری جانب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر مرمتی کام مکمل نہیں ہوسکا ہے جس کے باعث کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 3 بڑی پائپ لائن اب تک بند ہیں۔ٹھٹھہ میں 72انچ قطر کی پائپ لائن بجلی کے بریک ڈائون کے باعث پھٹ گئی تھی۔ پائپ لائن پھٹنے سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والے3 پمپ بند ہوگئے ہیں۔ تینوں پمپ سے شہرقائد کو ساڑھے7کروڑگیلن پانی کی فراہمی ہوتی ہے، مرمتی کام جاری ہے۔پائپ لائن کا مرمتی کام مکمل ہونے تک کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آج پائپ لائن کامرمتی کام مکمل ہوجائے گا جس کے بعد پانی کی فراہمی شروع کی جائے گی۔پانی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی کے باسیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد اس معاملے کا فوری طور پر حل نکالا جائے۔