ہوا سے بجلی بنانے کے 5منصوبوں کا ٹیرف نوٹیفائی کیا جائے،امتیاز شیخ

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کو ارسال کیے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ سندھ میں ہوا سے بجلی بنانے والے 5 منصوبوں کا ٹیرف اب تک نوٹیفائی نہیں کیا گیا ہے لہٰذا گزارش ہے کہ ان پانچوں منصوبوں کے لیے ٹیرف جلد از جلد گزٹ آف پاکستان میں نوٹیفائی کیا جائے۔اپنے خط میں وزیر توانائی سندھ نے لکھا ہے کہ ہوا سے بجلی بنانے والے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے وزارت توانائی سندھ سے رابطہ کرکے واضح کیا کہ اس طرز عمل سے ہوا سے بجلی بنانے کے لیے سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کا باعث ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ سندھ میں ہوا سے بجلی بنانے والے 5 منصوبے جو ٹیرف کے منتظر ہیں ان میں نورنکو انٹرنیشنل ٹھٹھہ پاور ، ایران-پاک ونڈ پاور پرائیویٹ لمیٹڈ ، سائنو ویل پرائیویٹ لمیٹڈ، شفیع انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ اور مورو پاور کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ اپنے خط میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن کو ہدایت کی جائے کہ وہ مذکورہ پانچ منصوبوں کا ٹیرف نوٹیفائی کرے تاکہ متبادل اور قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کے حصول اور اس شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔