وفاقی حکومت نے 71ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ناصرحسین

345

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا نااہل وفاقی حکومت نے اب 71 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک کروڑ ملازمتوں کا اعلان کرنے والے حکمران ملک میں بے روزگاری کا سونامی لے آئے ہیں۔جمعرات کو ایک بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ اسٹیل مل، ریڈیو پاکستان، ٹورازم کارپوریشن اور دیگر اداروں سے ہزاروں لوگوں کو ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں کہ لوگ بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں تو وہ کیا کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، آئی ایم ایف گٹھ جوڑ اور کتنے چولہے ٹھنڈے کرے گا؟۔اب تو پی ٹی آئی میں موجود سیاسی لوگ نالائق حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے نالاں ہیں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ خان صاحب اب قوم پر رحم کریں، حکومت چلانا آپ کے بس کی بات نہیں،عام آدمی کو ریلیف دینے کے بجائے خان صاحب کا پورا زور صرف سیاسی مخالفین پر کیچڑ اچھالنے پر ہے۔