ٹماٹرکی درآمد پر پابندی، پیاز کی برآمد کیلیے وفاق کو خط

69

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے ٹماٹرکی درآمد پر پابندی اور پیاز کی برآمد کے لیے اقدامات شروع کرنے کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا ہے،وفاقی حکومت کو خط صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے لکھا۔خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومتی کی ناقص پالیسی کے سبب مقامی کسانوں کو ان کی فصل کی لاگت بھی نہیں مل رہی، اس سال ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی پیداوار میں صوبہ سندھ پہلے نمبر پر ہے، صوبہ بھرمیں پیاز اور ٹماٹرکی فصلوں کی کٹائی شروع ہوگئی ہے۔ اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ سندھ میں اس سال پیاز اور ٹماٹر کی بہت اچھی پیداوار متوقع ہے، ٹماٹر کی درآمد اور پیاز کی برآمد نہ ہونے کی وجہ سے ، قیمتوں میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے، لہٰذا کسان اپنی پیداوارکی مناسب قیمت وصول نہیں کررہے ہیں،کسان ٹماٹر کی درآمد پر پابندی لگانے کے لیے سندھ بھر کے کئی شہروں میں احتجاج بھی کر چکے ہیں۔ اسماعیل راہو نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، وزارت تجارت اور وزارت فوڈ سیکورٹی پیاز ایکسپورٹ کی اجازت دے۔