برطانوی پارلیمنٹ میں بھی مسئلہ کشمیر کی گونج، پاکستان کے مؤقف کی جیت

300

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں بھی مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی،جس میں مسئلہ کشمیر  کو بھارت کا اندرونی  معاملہ قرار دینے کی مخالفت کی گئی،یہ پاکستان کے مؤقف کی جیت ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ برطانوی ہاؤس آف کامن کی ممبر سارہ اون کی جانب سے کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف آواز اٹھائی گئی،بحث کے دوران دیگر ممبران  کی جانب سے یہ مؤقف اپنایا گیا کہ کشمیر کسی صورت میں بھی بھارت کااندرونی معاملہ نہیں ہے کیونکہ اس پر اقوامِ متحدہ کی قرار دادیں موجود ہیں اور تمام دنیا بھی مسئلہ کشمیر پر مظلومین  کے ساتھ ہے۔برطانوی پارلیمنٹ نے بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے۔ اس اقدام سے بھارت کے فاشسٹ چہرے کو دنیا کہ سامنے بے نقاب ہونے میں مزید مدد ملی ہے۔برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید ہونا سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پریشان کن ہے،لاکھوں لوگوں کو گھروں میں قید کردیا گیا ہے،ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔نومنتخب امریکی صدرجو بائیڈن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کے بہت سے ممبران  خطے کی سیاسی صورتحال  سے آگاہ ہیں۔ہمیں امید ہے کہ امریکی قیادت کشمیر میں جاری  بھارتی جارحیت کے خلاف آواز  اٹھائے گی ۔