انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سزا دی جائے، وزیراعظم

587

لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب انعام غنی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے،جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیراعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ،عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا،کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے۔

وزیراعظم نے آئی جی پنجاب انعام غنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے،پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں میں وزٹ کریں۔

انہوں نے آئی جی کو ہدایت کی کہ پنجاب پولیس کا امیج  بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی، اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے، پنجاب میں تمام تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں تا کہ لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہو گا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔