بیروت دھماکہ: جہاز کے کپتان انٹرپول نوٹس ملنے پر حیران

242

اگست 2020 میں بیروت بندرگاہ پر دھماکے کے مبینہ ملزم امونیم نائٹریٹ لے جانے والے جہاز کے روسی کپتان بورس پروکوشیف نے کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ انٹرپول نے دھماکے کے سلسلے میں ان کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کیا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق بورس نے رائٹرز کو بتایا کہ میں حیرت زدہ ہوں اور مجھے یہ قطعاً سمجھ نہیں آرہا ہے کہ میری گرفتاری کس بنیاد پر ہوسکتی ہے۔ یہ بات اُس وقت سمجھ آتی کہ اگر ہم نے سامان لبنان منتقل کیا ہوتا لیکن ہم اسے موزمبیق لے جا رہے تھے اور لبنانی حکام نے ہمیں کارگو سمیت اس لیے حراست میں لیا تھا کیونکہ جہاز کے مالک نے بندرگاہ کی فیس ادا نہیں کی تھی، اس معاملے سے جہاز کے کپتان کا کیا لینا دینا ہے؟ جبکہ لبنانی حکام نے ایمونیئم نائٹریٹ پر کوئی توجہ بھی نہیں دی تھی۔

واضح رہے کہ انٹرپول نے جہاز جو امونیم نائٹریٹ لے کر جارہا تھا کے کپتان اور جہاز کے مالک کو اگست 2020 کو ہوئے بیروت دھماکے میں ملوث ہونے پر ریڈ نوٹس جاری کیا ہے جس کے تحت تمام ممالک سے ملزم کی گرفتاری کی درخواست کی گئی ہے۔