کراچی: را کا تربیت یافتہ دہشتگرد کیماڑی سے گرفتار، ایس ایس پی فدا حسین

630

کراچی پولیس اور حساس اداروں  نے خفیہ معلومات پر ضلع کیماڑی میں دہشت گردی کا بڑا منصبوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے وابستہ دہشتگرد گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس گروپ کا سربراہ اس وقت ملک سے فرار ہے۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی کے ضلع کیماڑی میں حساس اداروں نے ایکشن کرتے ہوئے ‘را’ کے تربیت یافتہ دہشتگرد منصور عرف انیل کو گرفتار کرلیا ہے  جبکہ ملزم منصور کے قبضے سے ایک کلو دھماکا خیز مواد ، 2 ریسیور ، بونا وائر ، پستول ، راؤنڈز اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔

سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) غربی فدا حسین جانوری کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کا تربیت یافتہ دہشتگرد منصور ریکی بھی کرتا تھا اور تمام کارروائیوں کیلئے فنڈز را فراہم کرتی ہے۔

ایس ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ دہشتگرد  گروپ کا سربراہ اور سہولت کار اصغر شاہ ہے جو اس وقت ملک سے فرار اور ‘را’ سے رابطوں میں ہے جبکہ اصغر شاہ دہشتگردوں کو ٹارگٹ اور اسلحہ و بارود فراہم کرتا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کے لواحقین نے مقابلہ کو جعلی قرار دے دیا ہے جبکہ لواحقین کا کہناتھا کہ مقتول سلطان نذیر بی کام پرائیویٹ کا طالب علم تھااور وہ گزشتہ روز سائٹ ایریا میں رشتے دار کے سوئم سے واپس گھر جارہا تھا۔