ندیم افضل چن کا استعفیٰ رکوانے کے لیے وفاقی وزراء سرگرم

122

تحریک انصاف کے سینئر وفاقی وزراء ترجمان وزیراعظم افضل ندیم چن کا استعفیٰ رکوانے کے لیے متحرک ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور ہونے سے رکوانے کے لیے وفاقی وزرا متحرک ہوگئے ہیں، وفاقی وزیر شیریں مزاری، علی زیدی، فواد چوہدری استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کر چکے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری بھی میدان میں ہیں اور وہ بھی ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور ہونے سے رکوانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

گزشتہ روز ندیم افضل چن نے پارٹی پالیسیوں سے اختلافات پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ندیم افضل چن پارٹی پالیسی سےانحراف کرتے ہوئے بیانات دے رہے تھے، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس میں پالیسی لائن پر وزرا کو تنبیہ کی تھی۔

وزیراعظم نےکہا تھا کہ جو پالیسی لائن پر نہیں چل سکتے وہ الگ ہوجائیں۔ وزیراعظم کے دوٹوک موقف کے بعد ندیم افضل چن عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

واضح رہے کہ ندیم افضل چن کا شمار پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا وہ 2018 میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور گزشتہ سال جنوری میں وزیراعظم نے انہیں اپنا ترجمان مقرر کیا تھا۔