اے این ایف عوام کو منشیات کے حوالے سے قابو نہیں کرسکتا، اعجاز شاہ

331

لاہور: وفاقی وزیر  برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ  اینٹی نارکوٹک فورس ( اے این ایف  ) 22 کروڑ افراد کو منشیات کے حوالے سے قابو نہیں کرسکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہا کہ 22 کروڑ سے زائد ہماری آبادی ہے اور اے این ایف کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہے اور کوئی سمجھتا ہو کہ اس تعداد کے ساتھ منشیات روک سکتا ہے تو وہ غلطی پر ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اخلاقی اقدار میں گراوٹ کے باعث آج معاشرے کو بحرانوں کا سامنا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ذہنی بیماری صرف مغرب میں ہوتی ہے، منشیات سپلائی کرنیوالے مجرم اور استعمال کرنیوالے مریض ہیں، منشیات وہ لوگ استعمال کرتے ہیں جو سوسائٹی سے مطمئن نہیں ہوتے۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ معاشرے کی بہتری کیلئے نوجوانوں کو منشیات سے بچانا ہوگا، ہمارے ہاں دماغی بیماری کو بیماری ہی نہیں سمجھا جاتا، ذہنی بیماری کو ہمارے معاشرے میں نظرانداز کیا جاتا ہے،پاکستان میں جرائم میں کافی حد تک کمی ہوئی ہے، منشیات سپلائی کرنیوالا مجرم ہے۔