ایک پاکستانی سیاستدان نے سعودی عرب سے برطانیہ ایک ارب ڈالر منتقل کیے، وزیراعظم

429
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تحت ای بڈنگ ‘ ای بلنگ کے آغاز پر تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک پاکستانی سیاستدان نے سعودی عرب سے برطانیہ ایک ارب ڈالر منتقل کیے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں کرپشن اور رشوت کی جڑیں اس قدر مضبوط اور گہری ہوچکی ہیں کہ ملک کے نظام میں کرپشن کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب ملک کا وزیر اعظم چوری کرے گا تو نچلی سطح تک چوری کا رجحان بڑھے گا اور کرپشن عام ہوگی،پاکستان میں تبدیلی نہ آنے کی بڑی وجہ ‘اسٹیٹس کو’ ہے، جسے آپ مافیا بھی کہہ سکتے ہیں، جو لوگ پرانے نظام سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور انڈونیشا میں مسلمان فوج نہیں گئی تھی کہ وہ لوگ مسلمان ہوئے بلکہ باکردار اور بااخلاق مسلمانوں تاجروں کو دیکھ کر ادھر اسلام پھیلا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی مثالیں ملتی ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی شہریوں کی عزت تھی، پاکستانی صدر کے استقبال کے لیے امریکی صدر ایئرپورٹ پر موجود ہوتا تھا۔عمران خان نے کہا کہ ہماری تنزلی وہاں سے شروع ہوئی جب سچائی سے دور ہوئے اور رشوت عام ہوئی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کرپشن کو سینے سے لگایا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مغربی ممالک کے وزیر اعظم اور صدور کے رہن سہن دیکھ لیں اور پاکستان جیسے مقروض ملک کے سابق حکمرانوں کا رہن سہن دیکھ لیں،پاکستان سے جانے والے سابق صدر اور وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے جاتے تھے تو انتہائی مہنگے ہوٹلز میں رہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ کمیشن یا رشوت سڑکوں کی تعمیر پر ہوتا ہے ۔