پولیو مہم: ایبٹ آبادمیں ریپڈ رسپانس یونٹ کے دستے گشت کررہے ہیں، ترجمان پولیس

315

ضلع ایبٹ آباد میں پولیو مہم کے دوران ایک ہزار پولیس افسران اور جوان اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ شروع ہونے والی پولیو مہم 15 جنوری تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق   ایبٹ آباد میں شروع ہونے والی پولیو مہم 15 جنوری تک جاری رہے گی جبکہ ترجمان ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بروقت نمٹنے کیلئے ریپڈ رسپانس یونٹ کے دستے شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہناہےکہ مخصوص اوقات میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں عمل میں لائی گئی ہیں اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ٹیم کے ساتھ پولیس کے جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ضلعی پولیس سربراہ کی ہدایت پر جملہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز مہم کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں گشت کو یقینی اور موثر بنا رہے ہیں جبکہ  ترجمان کے مطابق پولیو ٹیموں کی حفاظت پر لیڈیز پولیس، ضلع پولیس، ایلیٹ فورس کے ایک ہزار خواتین و مرد پولیس افسران اور جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جن میں ایک ایس پی، 4 ڈی ایس پیز، 3 انسپکٹر، 12 سب انسپکٹر اور 900 کے قریب کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز شامل ہیں۔

دوسری جانب ضلعی پولیس سربراہ یاسر خان آفریدی نے اپنے اعلامیہ میں متعلقہ افسران کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنے کیلئے فوری ضروری کاروائی عمل میں لانے اور شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایات کی ہے تاکہ پولیو کے خاتمہ کے حوالہ سے جاری مہم پرامن طریقہ سے اختتام پذیر ہو اور پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

واضح رہے پولیو وائرس کی وجہ سے ہونے والی ایک موذی بیماری ہے، پولیو زندگی بھر کے لئے معذوری کا باعث بنتی ہے اور جان لیوا بھی ہوسکتی ہے، اس کے لئے کوئی علاج دستیاب نہیں ہے مگر اس سے ویکسین کی مدد سے بچا جاسکتا ہے۔