پی ٹی آئی حکومت نے تمام ادارے تباہ کردیے، اسفندیار ولی

177

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں ہر ادارہ تباہ ہوچکا ہے جبکہ محکمہ ریلوے کے رپورٹ انکشافات انتہائی ہولناک ہیں۔ ڈھائی سالوں میں 427حادثات کا ذمے دار کون ہے؟ کیا تبدیلی سرکار جواب دے سکتی ہے؟ مسلط تبدیلی سرکار کا جنازہ تیار ہے، پی ڈی ایم کی جدوجہد آخری کیل ثابت ہوگی۔ کامیاب مظاہروں اور ریلیوں پر پی ڈی ایم کے تمام قائدین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے حادثات پر مغرب کی مثالیں دینے والا عمران خان کہیں غائب ہوچکا ہے۔موجودہ حکومت میں اسٹیل ملز، پی آئی اے تباہ اور ملازمین کو مزید کم کردیا گیا جو غریب خاندانوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ گزشتہ ڈھائی سال میں کوئی میگا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، حکومت کو اب مزید چھپنے کا راستہ نظر نہیں آرہا۔ ایشیا میں پاکستان مہنگا ترین ملک بن چکا، ناقص پالیسیوں اور منصوبہ بندی نے ہر شعبہ تباہ کردیا ہے۔