واشنگٹن میں نیشنل گارڈ اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ

387

واشنگٹن: ایف بی آئی نے خبردار کیا ہے کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر واشنگٹن سمیت 50 امریکی ریاستوں میں مسلح مظاہرے ہو سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایف بی آئی نے پیر کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ہونے والے یہ مظاہرے، پچھلے بدھ کو کیپٹل پر ہونے والے حملے سے زیادہ پرتشدد ہو سکتے ہیں جبکہ  امریکی دارالحکومت کی حفاظت کے لیے نیشنل گارڈ کو 15 ہزار سے زائد اہلکار واشنگٹن بھیجنے کا اختیار دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ 24 جنوری تک واشنگٹن مونومینٹ میں سیاحوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

نیشنل گارڈ بیورو کے چیف جنرل ڈینیل ہوکینسن کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہےکہ سینچر تک 10 ہزار اہلکار واشنگٹن پہنچ جائیں گے اور یہ سپاہی سکیورٹی، لوجسٹک اور کمیونکیشنز میں مدد فراہم کریں گے جبکہ اگر مقامی انتطامیہ نے درخواست کی تو نیشنل گارڈ کے ان اہلکاروں کی تعداد 15 ہزار تک بھی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب امریکی ایوان رکن نے پینٹاگون سے مزید اقدامت اٹھانے کو کہا ہے جبکہ سینٹر کرس مرفی نے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ نیشنل گارڈ قومی دارالحکومت کی حفاظت کے لیے کافی ہو گی کہ نہیں اور یا پھر فعال فوجیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔‘

نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کا  کہنا تھا کہ میں باہر حلف اٹھانے سے خوفزدہ نہیں ہوں،  یہ نہائیت اہم ہے کہ وہ لوگ، جو بغاوت میں شامل ہیں اور انہوں نے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، پبلک پراپرٹی کو تباہ کیا اور عظیم نقصان پہنچایا، ان کا احتساب کیا جائے۔

خیال رہے جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب کمیٹی کے مطابق20 جنوری کی تقریب کی تھیم متحد امریکہ ہوگی۔

میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ جنہوں نے تین نومبر کے انتخابی نتائج کو فراڈ کے جھوٹے الزامات کے ساتھ الٹانے کی ناکام کوشش کی ہے اور پچھلے ہفتے کہہ چکے ہیں کہ وہ حلف برادری کی تقریب میں شامل نہیں ہوں گے، ٹرمپ کے اس فیصلے کی نومنتخب امریکی صدر نے حمایت کی ہے۔

یاد رہے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوے اور چند گھنٹوں تک ہنگامہ آرائی اور افراتفری کی صورتحال کے بعد پولیس نے کیپٹل ہل کی عمارت اور اردگرد صورتحال کو قابو کیا اور کانگریس کا جو بائیڈن کی الیکشن میں فتح کی توثیق کے عمل کے لیے کانگریس کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا۔ جہاں چند گھنٹوں کی کارروائی کے بعد جو بائیڈن کی جیت کی امریکی کانگرس نے باقاعدہ توثیق کی۔