پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹر وے بند

319

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ تاحال برقرار ہے جبکہ حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے ایم 3 لاہور سے بند کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ برقرار ہے اور انتطامیہ کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچانے کیلیے موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند کردیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 4  پنڈی بھٹیاں سے شورکوٹ تک بند رہے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پھول نگر، پتوکی اور اوکاڑہ میں دھند کا راج ہے، گیمبر، ساہیوال، ہڑپہ، کسوال، چیچہ وطنی میں بھی تاحد نگاہ دھند پھیلی ہوئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پردھند والےعلاقوں میں حدنگاہ 100 میٹر تک ہے جبکہ موٹروے پولیس کاکہنا ہےکہ شہری غیرضروری سفرسے گریز کریں  اور اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔

علاوہ ازیں اوکاڑہ، پتوکی اور اس کے گردونواح میں شدید دھند کے باعث جی ٹی روڈ

پرٹریفک متاثر ہورہا ہے، شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہ گئی۔

دوسری جانب موٹروے پولیس کے فوکل پرسن محمود علی کھوکھر نے بتایا ہے کہ موٹروے پولیس ‘زیرو وزیبلیٹی’ یعنی حد نظر صفر رہ جانے کی صورت میں موٹر وے بند کرنے کا حکم دیتے ہیں۔

محمود علی کا کہنا تھا کہ جو لوگ سفر کرنے کا خواہشمند ہوں انھیں چاہیے کہ موٹروے پولیس کے اپنی ریڈیو سٹیشن ایف ایم 95 کو سنیں جس پر ہر آدھے گھنٹے میں پاکستان کی شاہراؤں کے حوالے سے معلومات دی جاتی ہیں یا موبائل ایپ ‘موٹروے ہم سفر’ ڈاؤن لوڈ کر لیں۔

واضح رہے موٹروے پولیس کے فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ سردیوں کے دنوں میں جب دھند کی شدت کافی ہوتی ہے تو عمومی طور پر یہ ہدایات جاری کی جاتیں ہیں کہ موٹرویز اور قومی شاہراوں پر سفر کرنے کے خواہش مند افراد صبح دس بجے سے قبل اور شام میں مغرب کے بعد سفر کرنے سے گریز کریں جبکہ پولیس کی کوشش ہوتی ہے کہ لوگوں کو دھند والے حصے میں جانے سے پہلے ہی روک لیا جائے۔