موسم سرما اور صحت

651

آف ف ف  یہ سردی  …… موسم سرما نے اپنی سرد شال ہر سو پھیلا دی ہے اور ہر طرف سردیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اس سے بخیروخوبی صحت مندانہ انداز میں گزر جانے کا اہتمام اور تیاریاں اپنے عروج پر ہیں ۔

سردیاں جہاں ہمیں موسم کے مختلف خشک میوہ جات اور پھلوں سے نوازتی ہیں وہیں کم قوت مدافعت کے حامل انسانوں خاص کر بچوں اور بزرگ افراد کے لئے زحمت کا سامان بھی لاتی ہیں ۔

ٹھندے اور خُشک موسم کے آتے ہی بہت سی بیماریاں بھی ساتھ آتی ہیں جن میں کھانسی، نزلہ، زکام اور بخار سرفہرست ہے، سردیوں میں جِلدی انفیکشن اور الرجیز کی شکایات بھی بڑھ جاتی ہیں۔

سردیوں سے متعلق کی گئی ایک نئی تحقیق میں سردیوں کے موسم کو انسانی مجموعی صحت کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے، تحقیق کے مطابق جراثیم اور بیکٹیریا وغیرہ گرم جبکہ وائرسز ٹھنڈے موسم میں زیادہ اچھی طرح نشوونما پاتے ہیں، ماہرین کے مطابق اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ موسم سرما صرف بیماریاں ہی لاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق  جب درجہ حرات میں کمی آتی ہے تو انسانی صحت کو نمایاں طور پر فائدہ ہوتا ہے، ان فوائد کے متعدد مثبت پہلو ہیں جنہیں جاننا اور اُن سے متعلق سوچنا بہت اہم ہے۔

موسم سرما کے دوران انسانی صحت پر آنے والی مثبت تبدیلیاں مندرجہ ذیل ہیں ۔:۔

پرسکون اور بہترین نیند

ماہرین کے مطابق  بہترین نیند کے لیے کمرے کا درجہ حرارت 18 ڈگری سیٹی گریڈ ہونا چاہیے، اس درجہ حرارت میں انسان کو بہترین نیند آتی ہے، سردیوں میں لمبی رات ہونے کی وجہ سے اندھیرا دیر تک رہتا ہے اور اندھیرے میں اچھی نیند آنا ایک فطری رجحان ہے۔

وزن میں کمی

طبی ماہرین کے مطابق  موسم سرما میں چہل قدمی کے نتیجے میں سے وزن میں تیزی سے کمی آتی ہے، موسمِ سرما میں ہمارے جسم کو درجہ حرارت کو اعتدال میں رکھنے میں مشکل ہوتی ہے اور اس کے سبب  جسم کو زیادہ کیلوریز استعمال کرنی پڑتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ موسمِ سرما میں چہل قدمی کرنے سے وزن تیزی سے کم ہوتا ہے۔

امریکی تحقیق کے مطابق 10 ڈگری سینٹی گریڈ میں پہاڑ چڑھنے والے افراد کے مقابلے میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ میں پہاڑ پر چڑھائی کرنے والے افراد  34 فیصد زیادہ کیلوریز جلاتے ہیں۔

 نکھری صاف شفاف جلد

جرنل آف ڈرماٹولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق سردیوں میں چہرے پر نکلنے والی ایکنی اور کیل مہاسوں میں واضح کمی واقع ہوتی ہے، موسم گرما میں پسینے کے باعث جِلدی مسام بند ہونے، زیادہ پسینہ آنے ،  تیز سورج کی روشنی اور درجہ حرارت زیادہ ہونے کے سبب جلدی بیماریوں کی شکایات زیادہ سامنے آ تی ہیں۔

بہتر ذہنی کارکردگی میں اضافہ

ایک تحقیق کے مطابق  کم درجہ حرارت میں فیصلہ لینے کی صلاحیت بہتر ہو جاتی ہے، دو رضاکاروں کے گروہوں پر کی گئی  تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ سرد موسم کے دوران 50 فیصد لوگوں نے اچھا فیصلہ کیا جبکہ اس کے برعکس زیادہ درجہ حرارت میں فیصلہ کرنے والے لوگوں نے 25 فیصد صحیح فیصلے کیے۔

ماہرین کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ انسانی دماغ موسمِ سرما میں اچھی کارکردگی دکھاتا ہے۔

خوش مزاجی میں اضافہ

تحقیق کے مطابق موسمِ سرما میں انسان کا مزاج اچھا رہتا ہے اور وہ موسمِ گرما کے مقابلے میں زیادہ خوشی محسوس کرتا ہے، انسانی رویوں پر کی جانے والی ایک اور تحقیق کے مطابق موسمِ سرما میں اسکول کے بچوں کی کارکردگی بھی بہتر ہوجاتی ہے اور وہ جسمانی اور دماغی طور پر زیادہ متحرک نظر آتے ہیں۔