پی ڈی ایم آج مالاکنڈ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

262

پاکستان ڈیموکریٹک مؤمنٹ(پی ڈی ایم) آج حکومت مخالف تحریک کو مزید تیز کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ کے شہر مالاکنڈ میں جلسہ منعقد کرکےعوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ کی تحصیل بٹ کھیلا  میں منعقدہ اس جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے  رہنما امیر مقام بھی خطاب کریں گے.منتظمین کی جانب سے جلسہ گاہ میں سیکیورٹی  کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پنڈال میں 10 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

مالاکنڈ جلسے کے لیے روانہ ہوتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لوگوں سے اس جلسے میں شرکت کی اپیل کی ہے،ان کا کہنا تھا کہ عوام تحریک انصاف کے 7 سالہ نااہلی،کرپشن اور بدعنوانی پر مبنی اقتدار سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے پی ڈی ایم کا ساتھ دیں۔ تحریک انصاف کی حکومت  نے صوبہ خیبر پختونخواہ اور پاکستان کو مسائل سے دوچار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں پی ڈی ایم کا یہ دوسرا جلسہ ہے اس سے قبل پشاور میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا.جس میں قیادت کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کو تیز کرتے ہوئے 31 دسمبر کو اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی تھی ،پی ڈی ایم قیادت کے مطابق اسمبلیوں سے استعفے دینے کا معاملہ اب بھی زیرِغور ہے جس کا فیصلہ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔