مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی مصنوعات امارات پہنچ گئیں، فلسطین کی مذمت

296

فلسطینئ محکمہ قومی معیشت نے مقبوضہ فلسطینی بستیوں میں تیار کی گئیں اسرائیلی مصنوعات کی متحدہ عرب امارات میں فروخت کی شدد مذمت کی۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے درآمد شدہ اسرائیلی مصنوعات کی امارات میں فروخت کو یہودی آبادکاری کو قانونی حیثیت دینے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی قرار دیا ہے۔

گذشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں فلسطین نے اماراتی کمپنیوں سے اس غیر قانونی اقدام سے پیچھے ہٹنے اور اسے روکنے کا مطالبہ کیا ہے جس سے فلسطین کی سرزمین میں تصفیہ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور ملک کے وسائل اور اس میں سرمایہ کاری کے حقوق پامال ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی نیوز ایجنسی اروت شیوا کی ایک پورٹ کے مطابق مقبوضہ شمالی مغربی کنارے سے زیتون کے تیل اور شہد کی پہلی کھیپ دبئی کے لئے روانہ ہوئی تھی۔ جبکہ فلسطین نے عرب لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سمٹ کے فیصلوں کے مطابق ، عرب اور اسلامی منڈیوں میں اسرائیلی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔