خیرپور: 7 سالہ بچی کا مبینہ زیادتی کے بعد قتل

539

خیر پور: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں دو روز سے لاپتہ 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق خیرپور کے علاقے حادل شاہ پور میں 7 سالہ بچی دو روز سے لاپتہ تھی، بچی کی لاش کیلوں کے کھیت سے برآمدکی گئی ہے، 7 سالہ متاثرہ بچی کی لاش اہل علاقہ کو کھیتوں سے ملی ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ ورثا کی جانب سے پولیس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے بچی کی تلاش نہیں کی گئی۔

پولیس کی جانب سے کی گئی ابتدائی تفتیش کے مطابق نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد بچی کو گلا دبا کر قتل کیا اور  لاش کیلوں کے کھیت میں پھینک دی۔

پولیس کے مطابق لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کیس کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ کی جانب سے خیرپور میں اغواء کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کی گئی ہے  جبکہ وزیراعلیٰ نے ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کے  خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا تھا۔