آئی ایس پی آر کی جانب سے دستاویزی فلم ‘‘چراغ راہ’’ جاری

865

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے دستاویزی فلم ‘‘چراغ راہ’’ جاری کردی گئی۔

جاری کردہ فلم چراغ راہ میں بتایا گیا ہے کہ تعلیم کسی بھی ترقی پسند معاشرے کی اولین ترجیح ہوتی ہے،جس  سے شعور اور آگاہی کے سفر کا آغاز ہوتا ہے،ملک کی شمع بجھانے کے لیے دہشت گردوں نے تعلیمی ادارے تباہ کیےتھے، جنہیں پاک فوج نے نہ صرف ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا بلکہ ان جگہوں پر تعلیم کا ایک مربوط اور جدت پسند نظام تشکیل دیا۔

دستاویزی فلم میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے قائم کیے گئے تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہوئے علیحدہ سے ہوسٹل قائم کیے گئے  ہیں، اس کے علاوہ متعدد کیڈٹ کالجز بھی قائم کیے جس سے ہونہار طلبہ اپنا مستقبل تابناک بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے  خواتین کے کردار کو معاشرے میں مزید فعال بنانے کے لیے فنی تعلیمی ادارے بھی قائم کیے گئے ہیں،جس سے خواتین ہرطرح کا ہنر سیکھ کر مردوں کے شانہ بشانہ چلنے کا عزم کررہی ہیں۔