پی ڈی ایم دم توڑ چکی‘ استعفے آئیں گے نہ الیکشن کا بائیکاٹ ہوگا‘شیخ رشید

263

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے‘ پی ڈیم ایم نہ استعفا دے گی نہ الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی‘ 29 دسمبر کی تاریخ دیتے تھے‘ انہیں سال بھی بتانا چاہیے تھا‘ میں پاکستان ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتا تھا‘ مجھے وزیرِ داخلہ بنانا وزیرِ اعظم عمران خان کا فیصلہ تھا۔ فریڈم ہائوس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بہترین لیڈر ثابت ہوئے جو جدوجہد وہ کر رہے ہیں پاکستان کو آگے لے کر جائے گی‘ وزیراعظم پاکستان کی سیاست اور معیشت کو ٹھیک کریں گے‘ چوروں اور ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے ان کا احتساب کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے‘ یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے اور سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں بھی حصہ لیں گے‘ مریم نواز کی عاقبت نااندیشی نے پی ڈی ایم اور (ن) لیگ کو اس مقام پر لاکھڑا کیا ہے‘ اگر مریم نوازدور اندیشی سے کام لیتیں تو ایسا حال نہ ہوتا‘ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا عمل دخل نہیں رہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے نہیں بلکہ پاکستان اور اسلام کے لیے قربانیاں دے رہی ہے‘ بھارت اپنے سرمائے اور ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے لیکن وہ پاکستانی سرحدوں پر نقصان نہیں پہنچا سکتا‘ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے اور عوام فوج کے ساتھ ہیں‘ دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی نے دور اندیشی کا ثبوت دیا۔