پی ڈی ایم کی جماعتیں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے پر متفق

342

اسلام آباد (صباح نیوز)حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے پر متفق ہوگئیں۔ آئینی اور قانونی ماہرین کی رائے کے بعد پی ڈی ایم نے حتمی رائے قائم کرلی ہے۔ سینیٹ انتخابات سے قبل انتہائی غیر معمولی سیاسی فیصلوں پر بھی مشاورت کی گئی ۔ ایک بار پھر ان ہائوس تبدیلی کے آپشن کے استعمال کی تجاویز بھی زیر غور آگئی ۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے حلقوں میں اس حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو تنہا کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، عمران خان کو سیاسی نظام کے حوالے سے لاتعلق کرنے میں پیشرفت ہوئی ہے۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس 19 جنوری کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا، پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، ضمنی و سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ سے متعلق سربراہ اجلاس کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کو سرگرمیوں کو تیز کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اس ضمن میں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن اور ن لیگ کے قائد محمد نواز شریف کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔پی ڈی ایم کی طرف سے سیاسی سرپرائز کا امکان ہے۔