وزیراعظم اقتداربچانے کیلیے عوام اور فوج کولڑانا چاہتے ہیں‘ لیاقت بلوچ

150

لاہور ( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء اور بلوچستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اپنی روایتی ضد ، ہٹ دھرمی اور انا کی وجہ سے ہزارہ کمیونٹی کے شہدا کے لواحقین سے بروقت اظہار تعزیت کے لیے نہ گئے ،اب کوئٹہ دورہ میں ان کا بیانیہ کھسیانی بلی کھمبانوچے ہی ہے۔ وزیراعظم اقتصادی بچائو کے لیے عوام اور فوج کو لڑا دینا چاہتے ہیں ۔ اقتدار سے چمٹے رہنے کا یہ خطرناک کھیل ہے ۔ عمران خان کا اسلوب حکومت ملک میں انتشار ، فساد اور انارکی پیدا کر رہاہے ۔ تعزیت کے موقع پر بھی وزیراعظم نے آگ ہی لگائی ۔ لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈائون پر کہاکہ بجلی لوڈشیڈنگ ، مہنگی بجلی عوام ، صنعت اور تجارت کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔ ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون حکومت ، وزارت ، واپڈا اداروں کی بڑی نااہلی اور عوام کو تکلیف پہنچاناہے ۔ عملاً حکومت کے زیر انتظام تمام شعبہ ہائے زندگی شدید متاثر ، افراتفری کاشکار ہیں ۔ حکومتی نااہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں ۔ عمران خان اپنے زور بیان اور ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال سے اب عوام کو زیادہ دیر بے وقوف نہیںبناسکتے ، اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ۔لیاقت بلوچ نے سیٹھ عابد ، حاجی نواز کھوکھر اور یاسین وٹو کے انتقال پر رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحومین نے اپنے اپنے دائرہ کار میں شاندار خدمات انجام دیں ۔ سیٹھ عابد مرحوم نے زلزلہ اور سیلاب اور ماہ رمضان کے موقع پر متاثرین اور غریب خاندانوں کی مسلسل مدد جاری رکھی ۔ قومی محاذ پر ان کی خدمات شاندار تھیں ۔ حاجی نواز کھوکھر نے سیاسی محاذ پر فعال اور جاندار کردار ادا کیا ۔