سفارتخانہ پاکستان ریاض میں ’’یومِ حقِ خود ارادیت‘‘ پر میڈیا بریفنگ

222

’’یوم حق خود ارادیت‘‘ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان نے 7 جنوری 2021ء کو میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان (UNCIP) کی طرف سے 5 جنوری 1949ء کو منظور کی گئی تاریخی قرار داد کے بارے میں عالمی برادری کو احساس دلانا تھا، جو کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر روشنی ڈالتی ہے۔ قرارداد میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے الحاق کا فیصلہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام ایک آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے میڈیا کے نمایندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ 7 دہائیوں سے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم برپا کرنے سے باز آ جائے اور فوری طور پر اپنے فوجی محاصرے کو ختم کرے، آبادیاتی تبدیلی کی اپنی پالیسی واپس لے، جبری قوانین کو ختم کرے، بنیادی انسانی حقوق بحال کرتے ہوئے تمام قیدیوں کو آزاد کرے۔ ساتھ ہی آزادانہ نقل و حرکت اور مواصلات سے تمام پابندیاں ختم کرکے زمینی صورتحال کا مشاہدہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ ، غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے آزاد نمایندوں سمیت ، انسانی حقوق کے بین الاقوامی مبصرین اور حقائق سے متعلق مشن کو مکمل رسائی کی اجازت دے۔سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔