پاکستان قونصلیٹ جدہ میں کشمیریوں کےحق خودارادیت پر تقریب کاانعقاد

150

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے سلسلے کی ایک اہم تقریب قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کی زیر صدارت قونصلیٹ کے کمیونٹی ہال میں منعقد ہوئی۔ کووڈ 19 کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے تقریب میں مہمانوں کی تعداد کو مختصر رکھا گیا تھا۔ کشمیر کمیٹی جدہ کے معتمد خاص برائے نشرواشاعت محمدعامل عثمانی نے جسارت کے بیورو چیف برائے سعودی عرب سید مسرت خلیل کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب کا آغاز قاری محمد آصف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پیغامات سنائے گئے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ایک مختصر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ تقریب میں مقامی ذرائع ابلاغ، کشمیر اور پاکستانی نمایندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مقررین میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید، صدر کشمیر کمیٹی جدہ مسعوداحمد پوری، چیئرمین جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز (سعودی عرب) چودھری خورشیداحمد متیال اور عامر خورشید رضوی شامل تھے۔ مسعود احمد پوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 جنوری 1949ء کشمیر کی تاریخ کا ایک تاریخی دن ہے کیوں کہ اس دن عالمی برادری نے کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حق یعنی حق خود ارادیت کو تسلیم کیا۔ تقریب کا اختتام قاری محمد آصف نے دعائیہ کلمات سے کیا۔