سینئر صحافی و کالم نگار رؤف طاہرکے انتقال پر جدہ میں تعزیتی اجلاس

433

صدارتی ایوارڈ یافتہ نامور صحافی، ممتاز کالم نگار اور ظفر علی خان ٹرسٹ سے وابستہ رؤف طاہر کی وفات کی خبر سن کر سعودی عرب بالخصوص جدہ میں ان کے دوستوں اور احباب پر غم کی کیفیت چھا گئی۔ علمی، ادبی، سیاسی و سماجی سمیت تمام مکاتب فکر کے حلقوں میں یکساں مقبول رؤف طاہر روزنامہ اردو نیوز جدہ اور ہفت روزہ اردو میگزین کے ساتھ کئی سال وابستہ رہے۔
چیئرمین پاکستان مسلم لیگ ن جدہ چودھری محمد اکرم نے کہا ہے کہ سینئر صحافی رؤف طاہر کی وفات سے قابلیت، شرافت اور انسان دوستی کا ایک باب ختم ہوگیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی (سعودی عرب) کے صدر تصور حسین چودھری نے کہا ہے کہ موت بے شک بر حق ہے لیکن بچھڑ جانے والوں کا دکھ بھی عین فطرت ہے۔ رؤف طاہر ایک ملنساز اور شفیق شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ انہیں غریق رحمت کرے۔ ملک جاوید حسین اعوان نے کہا کہ رؤف طاہر سیاسی بصیرت کے حامل تھے اور صحافت میں اپنی بے لاگ تحریروں کی بدولت ہر طبقے میں عزت و احترام سے دیکھے جاتے تھے۔ پاک سعودی فرینڈزشپ کے چیئرمین چودھری خالد رشید اور پاک اوورسیز میڈیا فورم کے زاہد محی الدین اور پاکستان پیپلزپارٹی جدہ سٹی کے صدر راجا اعجاز حسین جنجوعہ نے دعائے مغفرت کی۔ چودھری اظہر شفیق گجر نے رؤف طاہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔ معروف شاعر آفتاب ترابی اور زمرد خان سیفی نے اپنی طویل قربتوں اور دیرینہ تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی شعور و بصیرت کے ساتھ شعر و سخن کے حوالے سے بھی رؤف طاہر سر فہرست تھے۔ انہوں نے علم و ادب کی قابل ستائش خدمت کی ہے۔