شعیب ملک کی گاڑی کو حادثہ

433

لاہور: سابق کپتان و قومی کرکٹر شعیب ملک کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، ان کی اسپورٹس کار ٹرک سے جاٹکرائی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 6 کی ڈرافٹنگ مکمل ہونے کے بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر سے واپس جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا، کرکٹر کی اسپورٹس کار ریسٹورنٹ کے باہر ٹرک سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں کار کو فرنٹ سے نقصان پہنچا ہے جبکہ شعیب ملک حادثے میں محفوظ رہے۔

عینی شاہدین کے مطابق شعیب ملک اکیلے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے تاہم شعیب ملک حادثہ میں محفوظ رہے اور وہ فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کے ساتھ دوسری گاڑی میں روانہ ہو گئے۔