وزیراعظم نااہل کے ساتھ سنگدل بھی ہیں، سینیٹر روبینہ خالد

303

پشاور (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم نااہل ہونے کے ساتھ سنگدل بھی ہیں، کوئٹہ کے دکھی لوگوں کے پاس جانے میں وزیراعظم نے دیر کی جبکہ چودھری برادران کی خوشامد کرنے تو آپ بڑے جلدی پہنچے تھے، عجیب رویہ رہا سلیکٹڈ وزیراعظم کا، یہ کسی کی تکلیف نہیں سمجھ سکتے، جن لوگوں کے دل جنازوں پر نہ دکھیں وہ عوام کے دکھ کو کیا سمجھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں بلیک میل نہیں ہونگا، جن کے پاس جنازے پڑے ہوں وہ کسی کو بلیک میل نہیں کرتے، پی ڈی ایم کی 11 جنوری کو ملاکنڈ میں ریلی ہوگی جس کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کرے گی جبکہ پی ڈی ایم کی ساری مرکزی قیادت ریلی میں شریک ہوگی۔