امریکی وفد کا جی ایچ کیو کا دورہ، آرمی چیف کے لیے بحرین کا اعلیٰ ایوارڈ

317

راولپنڈی (آن لائن) جی ایچ کیو میں پاکستان اور امریکا کے دفاعی مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت نائب وزیر دفاع برائے انڈو پیسفک سیکورٹی افیئرز ڈیوڈ ہیلوے نے کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قیادت میں پاک فوج کا وفد مذاکرات میں شریک ہوا۔ مذاکراتی سیشن میں خطے کی سیکورٹی صورتحال، دو طرفہ دفاعی و سیکورٹی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے بھرپور اور تعمیری انداز میں خیالات و تجاویز کا تبادلہ ہوا۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی نائب وزیردفاع نے افغان امن مذاکرات میں پاکستان کی حمایت کو سراہا۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر بحرین پہنچ گئے‘ انہوں نے بحرین کے ولی عہد، ڈپٹی سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حماد سے ملاقات کی، جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کے ایوارڈ ’’بحرین آرڈر‘‘ سے نوازا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرین دورے کے دوران فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔ جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ سیکورٹی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحرین کی قیادت نے پاکستان سے خصوصی تعلقات مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کے ایوارڈ بحرین آرڈر سے بھی نوازا۔ بحرین کا یہ ایوارڈ پاک بحرین دفاعی تعاون میں نمایاں خدمات پر دیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک بحرین فوج کی مشق البدر کا بھی مشاہدہ کیا اور پاک بحرین مشقوں میں تربیت کے معیار کو سراہا۔