ہمدرد پاکستان ترقی اور جدت کے سفر پر گامزن پاکستان کے پہلے ہمدردڈیجیٹل مطب کا افتتاح

546

ہمدردپاکستان کے زیر انتظام چلنے والے مطبوں میں قیام سے آج تک مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا جاتا رہا ہے۔ بانی ہمدرد شہید حکیم محمد سعید نے اپنی حیات میں کم و بیش پچاس لاکھ مرضاء کے مفت طبی معائنہ کیا ہے۔اُن کے خدمت خلق کے فلسفے پر عمل پیرا ہمدرد پاکستان آج بھی مریضوں کومفت طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ اپنی طبی سہولیات کے نیٹ ورک کو مزید وسیع کرنے اور زیادہ سے زیادہ مریضوں تک طبی سہولیات کا دائرہ کار پھیلانے کے لیے ہمدرد پاکستان نے ماہ جنوری میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل مطب کا افتتاح کیا۔اس مہینے کو منتخب کرنے کے پیچھے شہید حکیم محمد سعید کو اُن کی یوم پیدائش ۹ جنوری پر خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میںقائم ہونے والے ڈیجیٹل مطب کی افتتاحی تقریب میں ہمدرد پاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد صاحبہ مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے فیتہ کاٹ کر مطب کا باضابطہ افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ مینیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد صاحبہ، چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم صاحب، سربراہ حکیم عبدالحنان، حکیم عبد الباری صاحب ڈائریکٹران و ڈپٹی ڈائریکٹران بھی موجود تھے۔
محترمہ سعدیہ راشد صاحبہ نے تمام امور کا بغور جائزہ لیا۔ وہاںموجود ہمدرد مطب کی ٹیم نے اُنہیں بریفنگ دی اور مطب کے آپریشنز کا طریقہ کار بیان کیا۔
اپنی طرز کے منفرد و واحد ڈیجیٹل مطب میں مرضا ء کی تشخیص اور نسخے کا ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ اُن کی عمومی صحت کو بحال رکھا جاسکے۔ اس کے علاوہ دیگر کئی سہولیات میسر ہونگی جن میںمطب میں آن لائن اپائنٹمنٹ لینا تاکہ انتظار کی زحمت سے بچا جاسکے، کوویڈ۱۹ کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے، تربیت یافتہ حکما و عملہ جو اُن کی ضروریات کا خیال کریں۔ اس کے علاوہ بھی اگلے فیز میں جو مارچ سے شروع ہوگا اُس میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی مربوط منصوبہ بندی کی گئی ہے۔