فارغ التحصیل طلباء کامیاب جوان پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ گورنرسندھ

315

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ چانسلر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں نوجوان با صلاحیت ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے اور ان نوجوانوں کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہے ہیں اس ضمن میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ نوکری ڈھونڈنے کے بجائے نوکری دینے والے بن جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے وڈیو پیغام میں این ای ڈی یونیورسٹی کے کانووکیشن 2020ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چانسلر عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کرکے مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے، یہاں مجھے بہت محبت ملتی ہے اور چاہنے والے بھی ہوتے ہیں لیکن افسوس کہ Covid-19کی وجہ سے آج ہم آمنے سامنے موجود نہیں۔

چانسلر عمران اسماعیل نے کہا کہ جامعہ این ای ڈی صوبے کی عظیم جامعہ ہے جو کہ ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے، NED کے تدریسی شعبہ نے تعلیم میں جدت پیدا کی ہے اور اس جامعہ کا تعلیمی معیار دنیا کی بہترین جامعات سے کسی طور کم نہیں،اس جامعہ میں زیر تعلیم طالب علموں کو بھی اللہ تعالیٰ نے ایک موقع دیا کہ وہ اس جامعہ سے ڈگری حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرسکیں، یونیورسٹی کو بہترین انداز میں چلانے اور اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حشمت لودھی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

کورونا وائرس کے پیش نظر خدشات اور موجودہ حکومت کے کامیاب اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے نبر د آزما ہونے کے لئے وزیراعظم نے جو فیصلے کئے آج پوری دنیا اس بات کا اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے خلاف ایک محفوظ اورکامیاب حکمت عملی اپنائی ہے اور اس کامیاب حکمت عملی سے ہی پوری دنیا کورونا وائرس سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

طالب علموں کومخاطب کرتے ہوئے چانسلر عمران اسماعیل نے کہا کہ آج آپ کی زندگی کا تاریخ ساز دن ہے آپ سب کو گریجویٹس مکمل کرنے پر مبارک باد دیتاہوں،وزیراعظم عمران خان اور مجھے گریجویٹس مکمل کرنے والے طالب علموں سے بڑی توقعات ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات ملک و قوم کی خدمت کرکے اس کے ثمرات عوا م تک پہنچائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی طرح ملک بھی آپ کو تناور درخت کی طرح دیکھنا چاہتا ہے، امید ہے کہ طالبات شادی کے بعد بھی اپنی پیشہ وارانہ ذمے داری سنبھالتے ہوئے مک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

کانووکیشن میں انڈ ر گریجویٹ پروگرام میں 1ہزار 1سو 51 طلبہ اور 9 سو 28 طالبات، پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں 516 طلبہ،213 طالبات، PHDپروگرام میں 4طالبہ، 5 طالبات جبکہ UIT پرورگرام میں 197 طلبہ اور 66 طالبات کواسناد دی گئیں۔