ایلون مسک دنیا کے امیر ترین آدمی بن گئے، جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ دیا

739

نیو یارک: خلائی کمپنی اسپیس ایکس اور ٹیسلا کمپنیوں کے بانی ایلون مسک  نے آن لائن تجارتی کمپنی ایمیزون کے سربراہ  جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں، ایلون مسک 188 ارب ڈالر دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین آدمی قرار دیئے گئے ہیں۔

کاروبار و تجارت کے حوالے سے عالمی شہرت رکھنے والے ادارے ’’بلومبرگ‘‘ نے گزشتہ روز دنیا بھر کے 500 مالدار ترین افراد کی فہرست جاری کی ہے، اس فہرست میں شامل پہلے 10 میں سے 8 امیر ترین افراد کا تعلق امریکا سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے کئی سال سے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزار رکھنے والے جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

ان کے اثاثوں کی مالیت 185 ارب ڈالر سے زائد ہوگئی ہے جبکہ بیزوس 184 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، ایک سال پہلے ان کی دولت صرف 29 ارب ڈالر تھی جو 159 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ اس وقت 188 ارب ڈالر پر پہنچ چکی ہے۔

ایلون مسک خلائی راکٹ بنانے والی کمپنی اسپیس ایکس اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ہیں، الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے شیئرز کی قیمتیں بڑھنے سے مسک کی مجموعی دولت میں اضافہ ہوگیا۔