سانحہ مچھ :حیدرآباد میں بھی دھرنے ،اندرون سندھ جانیوالے راستے بند

738
حیدرآباد: سانحہ مچھ کیخلاف شیعہ تنظیموںکے ارکان سپر ہائی وے پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں، جس کی وجہ گاڑیوںکی لمبی قطار بن گئی ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سانحہ مچھ کیخلاف مجلس وحدت المسلمین ، شیعہ علماء کونسل ودیگر تنظیموںکی جانب سے حیدرآباد کے مختلف مقامات پراحتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے گئے جس کے باعث مرکزی شاہراہوںپر گاڑیوںکی لمبی قطاریں لگ گئیں، جلائو گھیرائو کی وجہ سے اندرو ن سندھ جانے والے راستے بند ہوگئے جبکہ مظاہرین کیجانب سے پٹریوںپر دھرنے کی وجہ سے ٹرینوںکی آمدورفت معطل ہوگئی۔مجلس وحدت المسلمین اور شیعہ علماء کونسل جعفریہ الائنس حیدرآباد ودیگر تنظیموںکی جانب سے ایڈووکیٹ رحمان رضا، ڈاکٹر عاشق علی انڑ، ساجدانصاری کی قیادت میں حیدرآبادبائی پاس وادھو واہ پردھرنا دیا گیا ، مظاہرین نے ٹائروں کو نذر آتش کرتے ہوئے ماتم کیا اس دوران گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروںکو سخت سردی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دھرنے کے باعث کراچی سے حیدرآباد اور اندرون سندھ کیلیے جانے اور آنے والی گاڑیوںکی لمبی قطاریں لگ گئیں۔چینل موری میرپور خاص روڈ اور سائٹ ایریا زیل پاک روڈ پربھی دھرنے دیے گئے جس کے باعث ٹنڈوالہٰیار‘ میر پور خاص‘ ڈگری کا راستہ بند ہوگیا جبکہ ٹنڈو محمد خان روڈ پر دھرنے کے باعث حیدرآباد سے ٹنڈو محمدخان‘بدین ودیگر مقامات کو جانے والے راستے بند ہوگئے جبکہ ٹنڈوجام کے مقام پر بھی دھرنا دیا گیاجس کے باعث مسافرو ں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دھرنے کے شرکاء نے فوری طور پر سانحہ مچھ کے ذمے داروں کو گرفتارنے کا مطالبہ کیا علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے احتجاجاًسیشن کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں عدالتی سرگرمیاں معطل کردی اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر نے مطالبہ کیاکہ سانحہ مچھ کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث شدت پسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دریں اثنامظاہرین نے حیدرآباد کے اسلام آباد پھاٹک پرپٹریوں پر دھرنا دے کر ریل گاڑی کو روک دیا، جس کی وجہ سے ٹرینوںکی آمدورفت معطل ہوگئی۔