صنعتی علاقوں کے مہاجر مزدوروں  کا تحفظ کیا جائے،آفاق احمد

155

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ صنعتی علاقوں کے مہاجر مزدور لاوارث نہیں ہیں۔ زبان کی بنیاد پر ہونے والی دہشت گردی پر ریاستی ادارے خاموشی اختیار کرکے ایک بار پھر کراچی کو لسانی آگ میں دھکیلنے کی غلطی نہ کریں۔ انہیں مہاجر مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کرنے ہوںگے ورنہ لوگ اپنے تحفظ کیلیے خود اقدام کریںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتی علاقوں میں قائم مزدور یونینوں کے رہنماؤں کے ایک وفد سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجروں کیلیے سرکاری نوکریوں کے دروازے پہلے ہی بند ہیں، مہاجر فیکٹریوں اور کارخانوں میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر روزگار حاصل کررہے ہیں تو ان کے لیے فیکٹریوں اور کارخانوں کے دروازے بھی بند کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔قبل ازیں مزدور رہنماؤں نے فیکٹریوں کے اندر اور باہر مہاجر مزدوروں کو آئے دن تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات سے آگاہ کیا۔