عالمی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ ،نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین لی

450

کراچی (اسٹاف رپورٹر )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کر دہ تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ نے پاکستان کو2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرتے ہوئے آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد پہلے سے دوسرے نمبر پر چلی گئی جبکہ بھارت کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے۔بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین ٹیم رینکنگ کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے نہ صرف پاکستان کو شکست دیکر 2 میچوں کی سیریز کلین سویپ کی بلکہ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا سے آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی چھین لی ۔ تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئی ۔ آسٹریلیا کی ٹیم 116 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی جبکہ بھارت کی ٹیم 114پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 106پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، جنوبی افریقا کی ٹیم 96پوائنٹس کے ساتھ 5ویں، سری لنکا کی ٹیم 86پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم 82پوائنٹس کے ساتھ 7ویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ آئرلینڈ کی ٹیم تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہے۔