پاکستان کا افغان حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

448

پاکستان نے فوجی چیک پوسٹ پر سرحد پار حملے کے بعد افغان حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ افغانستان سے دہشت گردوں نے ضلع مہمند میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔

پاکستان نے کہا کہ افغان حکومت افغانستان میں پناہ لینے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے۔

گزشتہ روز افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کے پار سے ضلع مہمند میں پاک فوج کی چیک پوسٹ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔ جب کہ پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کو فوری او ر منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کو بین الاقوامی سرحد کے ساتھ افغانستان کی طرف سے دہشت گردوں نے ضلع مہمند میں فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اہلکار سپاہی فضل واحد جام شہادت نوش کرگیا۔ 25 سالہ فضل واحد کا تعلق شانگلہ سوات سے ہے۔