پاکستان کو اننگز اور 176 رنز سے شکست سیریز نیوزی لینڈ کے نام

347

کرائسٹ چرچ(جسارت نیوز):نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 176رنز سے شکست دیکر2 میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی۔ کیوی بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام رہی، پہلی اننگز میں 297 رنز پرآئوٹ ہونے والی پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی ،نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 238، ہینری نکولس 157 اور ڈیرل مچل کے ناقابل شکست 102 رنز کی بدولت اپنی دوسری اننگز 659 رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کرکے 362 رنز کی برتری حاصل کی جس کے جواب میں پاکستان ٹیم ایک مرتبہ پھر کیوی ٹیم کے بولر زکے سامنے بے بس دکھائی دی اور 186 رنز ہی بناسکی۔پاکستانی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے تیسرے روز ہی ایک مرتبہ پھر کھاتہ کھولے بغیر اپنی وکٹ گنوادی تاہم چوتھے روز بھی پاکستانی بلے باز کیوی بولرز کے سامنے خزاں رسیدہ پتے ثابت ہوئے اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے چلے گئے ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کائل جیمی سن نے 6 اور ٹرینٹ بولٹ نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ کائل جیمی سن میچ جبکہ کپتان کین ولیم سن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ بدھ کو پاکستان کی ٹیم کیوی بولرز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی اور اس کے کھلاڑی خزاں رساں پتوں کی طرح یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے چلے گئے۔ عابد علی 26، حارث سہیل 15، اظہر علی 37، کپتان محمد رضوان 10 ، فواد عالم 16، فہیم اشرف 28، ظفر گوہر37 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 186رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کائل جیمیسن نے دوسری اننگز میں 6 اور میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں، اور اس شاندار کارکردگی پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ کپتان کین ولیمسن کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ مائونٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست ہوئی تھی۔