پشاور میں دستی بم پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق اور 2 زخمی

210

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے زنگلی میں دستی بم پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ۔ریسکیو حکام نے کہا کہ دستی بم پھٹنے کا واقعہ کوہاٹ روڈ پر زنگلی کے علاقے میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق بچے کھلونا سمجھ کر دستی بم سے کھیل رہے تھے جس دوران وہ پھٹ گیا۔ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔ تاہم بعد ازاں ایس پی صدر زون وقار احمد نے تیسرے بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ۔ دھماکے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی 2 ایمبولیسنز نے موقع پر پہنچ کر امداد ی کارروائیاں شروع کر دیں ۔واضح رہے کہ ملک میں دستی بم سے کھلونا سمجھ کر کھیلنے کے دوران اس کے پھٹنے سے بچوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔