وزیراعلیٰ بلوچستان دبئی سے کوئٹہ پہنچ گئے

451

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان دبئی سے کوئٹہ پہنچ گئے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان  نے فوری طور پر موجودہ امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  وزیراعلیٰ جام کمال خان چند روز کے نجی دورے پر فیملی کے ساتھ  دبئی گئے ہوئے تھے جبکہ گزشتہ رات وہ اپنا دورہ مختصر کرکے دبئی سے کراچی پہنچے  گئے تھے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نےفوری طور پر امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے اور موجودہ امن وامان سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس کچھ دیر میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ہوگا۔

لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ جلاس میں مچھ کے واقعےاور بعدکی صورتحال پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اہم فیصلے کئےجائیں گے۔

واضح رہے 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔