جنوبی افریقی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی

301

لاہور: نئے سال میں پاکستانی کرکٹ شائقین کے لئے پہلی بڑی خوشخبری آگئی ہے، جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق نئے سال میں پاکستان دورہ کرنے والی پہلی ٹیم جنوبی افریقہ  ہے اور دو ٹیسٹ اور تین  ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جبکہ ٹیسٹ میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی امپائرز اور میچ آفیشلز  مکمل ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

واضح رہے آئی سی سی کی کورونا پروٹوکول پالیسی کے تحت غیر ملکی آفیشلز نہیں آئیں گے جبکہ پی سی بی دونوں ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی  کے لیے پاکستانی امپائرز و میچ ریفری تعینات کرے گا۔

خیال رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ  کے مابین سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی جبکہ لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں شائقین کو اجازت دینے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے ۔

یاد رہے  جنوبی افریقی ٹیم سولہ جنوری کو کراچی پہنچے گی اور اس کے بعد قرنطینہ میں رہنے کے بعد پاکستان اور جنوبی آفریقی ٹیمیں پہلے ٹیسٹ میچ میں 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل سیٹڈیم میں مدمقابل ہونگی۔

دوسرا ٹیسٹ میچ 4 تا آٹھ فروری راولپنڈی میں کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیسٹ میچز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز کا میلہ 11، 13 اور 14 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں سجے گا۔

دوہزار سات کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سال2021 میں جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔