سگما موٹرز:سولراور بجلی پر چلنے والی گاڑیاں متعارف،بکنگ شروع

632

لاہور: پاکستانی کمپنی سگما موٹر سپورٹس نے پیٹرول، شمسی پینل اور بجلی سے چلنے والی گاڑیاں ملک میں متعارف کرا دی ہے جبکہ یہ گاڑیاں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کیلئے پیش کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سگما موٹر سپورٹس پاکستان کی اس گاڑی کو کیو 4 کا نام دیا گیا ہے اور کمپنی کی جانب سے اس کی تین قسمیں پاکستان میں متعارف کرائی گئی ہیں جبکہ اس گاڑی کی خصوصی بات یہ ہے کہ اسے سولر، پیٹرول اور بجلی سے چلایا جا سکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے بجلی سے چلنے والی کار کی قیمت 18 لاکھ پچانوے ہزار روپے رکھی گئی ہے  جبکہ اس میں سولر پینل سے چلنے والی گاڑی کی قیمت 19 لاکھ پچانوے ہزار روپے اور پیٹرول سے چلنے والی گاڑی کی قیمت 21 لاکھ پچیس ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

سگما موٹرسپورٹس کے شریک بانی محمد عدیل خالد کا کہنا تھا کہ الیکٹرک کاریں ہی مستقبل ہیں اور  ہم الیکٹرک کاروں کے کاروبار میں پہلا بننا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور وہ نئی منظور شدہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت کسی مراعات سے فائدہ نہیں اٹھا رہے تھے۔

واضح رہے نام سگما موٹرسپورٹس سگما موٹرز سے مماثلت رکھتا ہے جو 1994 سے ملک میں امپورٹڈ رینج روور فروخت کررہے ہیں ۔