قاضی حسین احمدؒ اتحاد امت کے عظیم داعی تھے ، سراج الحق

550

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق  کا کہنا ہے کہ قاضی حسین احمدؒ اتحاد امت کے عظیم داعی تھے ، تحریک انصاف نے نئے پاکستان کی بجائے نئے قبرستان بنانا شروع کر دیے ہیں۔

جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد ؒ کی یاد میں منصورہ میں ہونے والی اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے   کہا کہ یقین سے کہتاہوں کہ پی پی سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی، وزیراعظم کا کوئٹہ نہ جانا ظلم ہے، وفاقی حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ بلوچستان کے لوگوں کو یقین دلائے کہ وہ لاوارث نہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ  اسٹیبلشمنٹ کو آنے کی ضرورت نہیں جو کہتی ہے ہو جاتاہے،پی ٹی آئی اور پی ڈ ی ایم کا اختلاف پالیسیوں پر نہیں بلکہ اقتدار کے حصول پر ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے مگر حکومت نے بغیر لڑے کشمیر پر پسپائی اختیار کرلی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ ماضی کی حکومتیں بھی اس کی ذمہ دارہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ قاضی حسین احمد ؒ کی زندگی کا مقصد پاکستان میں اسلامی انقلاب لانا تھا،قاضی حسین احمد ؒ نے اپنی زندگی میں امت مسلمہ کو ایک کرنے کے لیے بھر پور جدوجہد کی لیکن سٹیٹس کو کے علمبرداروں اور ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایجنٹوں نے ان کی اسلامی انقلاب لانے کی جدوجہد میں ہر طرح روڑے اٹکائے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔