سانحہ مچھ: درندوں کو انجام تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ جام کمال

360

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ سانحہ مچھ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ اجلاس میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیرصدارت صوبےمیں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکریٹری فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،آئی جی ایف سی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری، آئی جی ایف سی نے وزیر اعلیٰ کو اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان سےمتعلق صورتحال سمیت سانحہ مچھ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مچھ واقعےکے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھاکہ مچھ میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے،حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،عوام کےجان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، سانحہ مچھ کےدرندوں کو انجام تک پہنچائیں گے جبکہ آج ہونے والے اجلاس میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے 3 جنوری ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں نامعلوم افراد کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر انہیں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا جبکہ واقعے میں 11 مزدور قتل ہوئے تھے اور قتل کیے جانے والے مزدوروں کا تعلق شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

دوسری جانب  کراچی میں سانحہ مچھ کے متاثرین کے مطالبات کی حمایت میں نمائش چورنگی، یونیورسٹی روڈ،گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی اور شارع فیصل سمیت شہر کے مختلف مقامات پر دھرنوں سے شہر کا ٹریفک مفلوج ہوگیا ہے۔