کراچی محمود آباد: نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

307

کراچی کے علاقے محمود آباد میں نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا کہناہےکہ پہلے مرحلےمیں چند روز سافٹ انکروچمنٹ ہٹائی جائیں گی اور دوسرے مرحلےمیں مکانات گرائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی بھر میں مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ حرکت میں ہے جس کو جاری رکھتے ہوئے آج تیسرا روز ہے جبکہ کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل آپریشن کی زیر قیادت منظور کالونی سے کورنگی روڈ تک 5۔3 کلو میٹر پر محیط رقبہ کے اطراف سافٹ آپریشن کیا جارہا ہے جو 4 روز تک جاری رہیگا۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا کہنا ہے کہ  اس موقع پر پولیس، رینجرز اور خواتین اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے اور آپریشن میں متوقع مزاحمت کے پیش نظر دو واٹر کینین اور چار اے پی سی بھی موجود رہیں گی جبکہ کارروائی میں واٹربورڈ ، ایس بی سی اے اور ریونیو بورڈ حکام بھی شریک ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلےمیں سافٹ انکروچمنٹ ہٹائی جائیں گی اور دوسرے مرحلےمیں مکانات گرائے جائیں گے جبکہ نالے کے اطراف 57 گھروں کی نشاندہی ہوئی ہے جن کو نوٹسز دیئے گئے ہیں اور انہیں جزوی طور پر مسمار کیا جائیگا۔

ڈائریکٹر آپریشن انکروچمنٹ کے ایم سی نے کہا کہ سندھ حکومت کے منظور کردہ منصوبے کے تحت نالے کے درمیان آنے والی تجاوزات کو ہٹایا جارہا ہے اور نالے کی چوڑائی مختلف مقامات پر مختلف نوعیت کی ہے۔

واضح رہے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بتایا ہےکہ جن تعمیرات پرنشانات ہیں انہیں جمعہ تک خالی کرنے کی مہلت دی گئی ہے تاہم آج مکانات کے اضافی حصوں کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے گزشتہ سال نومبر میں بھی منظور کالونی میں محمود آباد نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا اور علاقہ مکینوں کے پتھراؤ سے کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ مشتعل مظاہرین نے کے ایم سی کی مشینری اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے اور پولیس موبائل کو آگ لگا دی تھی۔