برنس روڈ : فوڈ اسٹریٹ پر 10جنوری سے شام میں گاڑیوں کاداخلہ بند

340

کراچی کی مشہور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر شام 7 بجے سے گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے اور اسے پیدل چلنے والوں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ آرام باغ سے فریسکو آنے والے ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق فیصلے کا اطلاق 10 جنوری سے ہوگا اور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو پیدل چلنے والوں کیلئے مختص کردیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شاہراہ لیاقت کو فریسکو سے کورٹ روڈ تک شام 7 بجے گاڑیوں کیلئے بند کردیا جائے گا اور آرام باغ سے آنے والی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ اور دائیں جانب پیپلز اسکوائر کی طرف موڑا جائے گا جبکہ  فریسکو چوک سے فاطمہ جناح وومن کالج تک سڑک پیدل چلنے والوں کیلئے مختص رہےگی اور رہائشیوں کیلئے گاڑیوں کے اسٹیکرز جاری کیے جائیں گے اور فوڈ اسٹریٹ آنے والوں کو ویلے پارکنگ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایمرجنسی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے راستہ رکھا جائے گا اور سڑک کے دونوں اطراف مارکنگ کی جائے گی تاکہ ہوٹلز کرسیاں آگے نہ رکھ سکیں جبکہ تمام تر انتظامات شام 7 بجے کے بعد کیے جائیں گے جب صورت حال معمول کے مطابق ہوجاتے ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریفک پلان شیئر کیا لیا گیا ہے اور اس کے مطابق شاہراہ لیاقت کو شام 7 بجے کے بعد فریسکو سے کورٹ روڈ تک ٹریفک کے لئے بلاک کردیا جائے گا اور ارم باغ سے فریسکو چکر تک ٹریفک کی روانی ایم اے جناح روڈ یا پیپلز اسکوائر کی طرف موڑ دی جائے گی۔