ایمنسٹی ا سکیم میں توسیع نئے سال کا تحفہ ہے،شاہد رشید بٹ

427

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تعمیراتی شعبہ کے لیے ایمنسٹی اسکیم میں توسیع خوش آئند ہے۔کنسٹرکشن کے سیکٹر کو دیے جانے والے نئے سال سے اس تحفے سے اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی، درجنوں صنعتیں رواں ہو جائیں گی اور عوام کو روزگار ملے گا جبکہ اس سے معیشت پر کورونا وائرس کے منفی اثرات کم کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔سیمنٹ سریے المونیم پینٹ اوربجلی کی تاروںسمیت تعمیرات میں استعمال ہونے والی تمام اشیاء کی قیمت کم کی جائے اور اس ا سکیم سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ تعمیرات کے شعبہ کے لیے وزیر اعظم کے اقدامات کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں، کئی سو ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور بہت سے رکے ہوئے بڑے منصوبے بھی بحال ہو گئے ہیں تاہم تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سے اس شعبہ کو دھچکا لگا ہے جس کا حل درآمدی اور مقامی سطح پر عائد ٹیکسوں میں کمی ہے۔انھوں نے کہا کہ بلڈرز و ڈویلپرز کے طبقہ میں موجود بعض کالی بھیڑیں اس اسکیم سے ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔