کراچی: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں

232

کراچی: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر شہر قائد کے ضلع جنوبی کے علاقے  صدر میں 12 دکانوں پر 98 ہزار 500 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ٹائمنگ پر عملدرآمد نہ کرانے کیلئے کارروائیاں کی گئیں  جبکہ نیپئر کے علاقے میں سنو کرکلب اور 4 دکانیں بھی سیل کی گئیں ہیں اور 20 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد علی کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر ضرورت ہوگی تو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی جائیں گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 409 ہوگئی جبکہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 90 ہزار 476 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 947 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 41 ہزار 393، سندھ میں 2 لاکھ 19 ہزار 452، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 729، بلوچستان میں 18 ہزار 254، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 870، اسلام آباد میں 38 ہزار 395 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 383 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 68 لاکھ 84 ہزار 940 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 73 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 44 ہزار 360 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 219 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 409 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 160، سندھ میں 3 ہزار 623، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 683، اسلام آباد میں 428، بلوچستان میں 185، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 229 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔